دینہ: چک اکا سٹیڈیم دینہ میں ونٹر سپورٹس گالا پروگرام کے تحت ایک پروقار کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری محمد طارق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مند طرزِ زندگی کو اجاگر کرنا تھا۔
ٹورنامنٹ کے دوران ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری محمد طارق نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
ڈپٹی کمشنر نے بہترین انتظامات پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے نہایت اہم ہیں اور ضلعی انتظامیہ ایسے مثبت مقابلوں کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ونٹر سپورٹس گالا کے ذریعے ضلع جہلم کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بھرپور موقع مل رہا ہے، جس سے نہ صرف کھیلوں کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری محمد طارق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں ونٹر سپورٹس گالا کے تحت مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں تاکہ نوجوانوں کو صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف متوجہ کیا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور انعامات تقسیم کیے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
