جہلم: محکمہ صحت و پاپولیشن پنجاب کے زیرِ اہتمام جنوری سے جولائی 2026ء تک ششماہی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے جامع جائزے میں ضلع جہلم نے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
ششماہی جائزے کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع کی کارکردگی کو 42 اہم کارکردگی اشاریوں کی بنیاد پر جانچا گیا، جن میں حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج، ویکسین کی محفوظ ترسیل و ذخیرہ، ویکسین اور ضروری سامان کی دستیابی، مستقل اور رسائی پر مبنی ویکسینیشن مراکز، ریکارڈ مینجمنٹ، نگرانی اور مانیٹرنگ سمیت پروگرام کے مختلف اہم شعبہ جات شامل تھے۔
حتمی نتائج کے مطابق ضلع جہلم نے مجموعی کارکردگی میں پنجاب بھر کے تمام اضلاع کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جسے ضلع کے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے لیے ایک نمایاں کامیابی قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کامیابی میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی رہنمائی و ہدایات، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جہلم ڈاکٹر میاں مظہر حیات کی انتظامی قیادت اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جواد احمد کی نگرانی میں ای پی آئی ٹیم کی مسلسل محنت، مؤثر مانیٹرنگ اور مثالی ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دی گئی ہے۔
اس شاندار کارکردگی پر ڈی ایس وی، اے ایس وی، ویکسینیٹرز اور تمام ای پی آئی ٹیم کی خدمات اور کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔ محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ٹیم کی پیشہ ورانہ ذمہ داری اور مسلسل محنت کا عملی ثبوت ہے۔
اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ ضلع جہلم میں بچوں کو بروقت، محفوظ اور معیاری حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی، ویکسینیشن کوریج میں مزید بہتری اور پروگرام کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
