6
دینہ: چوہدری حاجی مشتاق احمد نے کہا کہ دنیا عارضی ہے اور ہمیں اس کے ساتھ ساتھ آخرت کی بھی بھرپور فکر کرنی چاہیے۔ حقوق العباد کی ادائیگی نہایت اہم ہے اور وہ نیکی ہی اصل نیکی ہے جس کا گواہ صرف اللہ تعالیٰ ہو۔
جہلم کی تحصیل دینہ کی یونین کونسل مغل آباد کے گاؤں پرانا کھٹانہ کے رہائشی معروف سماجی شخصیت چوہدری حاجی مشتاق احمد نے ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو ہمیشہ اللہ کو راضی کرنے کے لیے نیک اعمال کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نمازِ پنجگانہ کی پابندی، ایک دوسرے کا خیال رکھنا اور مخلوقِ خدا کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہی اصل کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جو بھی نیکی کے کام کرتے ہیں، وہ صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے کرتے ہیں، نہ کہ کسی نمود و نمائش کے لیے۔
چوہدری حاجی مشتاق احمد نے مزید بتایا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پرانا کھٹانہ قبرستان میں جنازہ گاہ کا کام تیزی سے جاری ہے جو انشاء اللہ رمضان المبارک سے قبل مکمل ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ قبرستان میں موجود اسٹور روم اور جائے نماز کے لیے علیحدہ علیحدہ کام بھی شروع کیا جا چکا ہے، جو جلد پایۂ تکمیل تک پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس نیک کام میں چند مخیر حضرات بھی دل کھول کر تعاون کر رہے ہیں جبکہ قبرستان کمیٹی بھی احسن انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے۔
انہوں نے اہلِ گاؤں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان کی دیکھ بھال ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کوئی ایک فرد اکیلا یہ کام نہیں کر سکتا۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں جو توفیق اور ہمت دی ہے، اس کے مطابق وہ اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہوں اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کی جا سکے۔
چوہدری حاجی مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ وہی نیکی سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے جس کا گواہ صرف اللہ تعالیٰ ہو۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جب تک زندگی ہے، وہ لوگوں کی خدمت اور بھلائی کے کاموں میں مصروف رہیں گے اور معاشرے میں بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
