جہلم پولیس نے موٹر سائیکل چوری کے مقدمے میں گزشتہ دو سال سے مطلوب اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور ان کی ٹیم نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری مجرم کو گرفتار کیا۔ ملزم سال 2023 سے تھانہ سول لائنز میں درج موٹر سائیکل چوری کے مقدمے میں مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مختلف مقامات پر روپوش رہا۔
پولیس کے مطابق جدید سائنٹیفک طریقۂ تفتیش اور انٹیلی جنس معلومات کی مدد سے ملزم کا سراغ لگا کر کامیاب کارروائی کے دوران اسے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ اشتہاری مجرمان اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قانون سے فرار ہونے والے کسی بھی ملزم کو بخشا نہیں جائے گا اور تمام اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
