دینہ میں الیکٹرک بس کا شاندار استقبال، شہریوں کی بھرپور شرکت

11

دینہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے فراہم کردہ الیکٹرک بس کی آمد پر شہریوں نے شاندار استقبال کیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول کی تھاپ پر شہریوں نے رقص کیا۔

وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی، سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض اور کوآرڈینیٹر راجہ علی کی کوششوں سے دینہ میں الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز ممکن ہوا، جس کا افتتاح آج کیا گیا۔

بس گزشتہ روز آزمائشی طور پر دینہ سے منگلا کینٹ تک چلائی گئی، جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بس کا ہر مقام پر خوش آمدید کیا۔ دینہ کی عوام نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور جدید ٹرانسپورٹ سروس کی آمد پر شکرگزاری کا اظہار کیا۔

دینہ کے مختلف علاقوں سے شہریوں، کونسلرز اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بس کا استقبال کیا، جن میں سابق چیئر مین بلدیہ دینہ شیخ اکرام الہی، میاں عتیق، میاں آصف، میاں سجاد، محمد شاہین، طارق منگلا کینٹ، ملک صداقت حسین، میاں زر، ناصر بھٹو، رانا عارف، راجہ ساجد نواز سمیت دیگر شامل تھے۔ بس منگلا روڈ سے ہوتے ہوئے منگلا کینٹ پہنچی، اور شہریوں نے بس سروس کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔

شہریوں نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض اور راجہ علی کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سروس سے نہ صرف سفر کے مسائل حل ہوں گے بلکہ ماحول میں بھی بہتری آئے گی۔ الیکٹرک بس سروس کے باقاعدہ افتتاح کے بعد دینہ میں شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور جدید سفری سہولیات میسر ہوں گی، جو علاقے کے شہری ڈھانچے میں ایک مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔

Exit mobile version