جہلم: عوام کو بہتر، بروقت اور آسان سرکاری سہولیات کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے تحت قائم تمام اراضی ریکارڈ سنٹرز کو ہفتے میں چھ دن کھلا رکھنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر کے تمام اراضی ریکارڈ سنٹرز پیر سے ہفتہ تک معمول کے مطابق کھلے رہیں گے جبکہ صرف اتوار کے روز تعطیل ہوا کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو جائیدادوں کی فرد، انتقال، رجسٹری، تصدیق اور دیگر اراضی معاملات کے سلسلے میں درپیش مشکلات میں کمی لانا ہے۔ بالخصوص ایسے افراد جو دفاتر کے محدود اوقات یا چھٹیوں کی وجہ سے اپنے قانونی اور دفتری امور بروقت مکمل نہیں کر پاتے تھے، انہیں اب خاطر خواہ سہولت میسر آ سکے گی۔
شہری حلقوں نے پنجاب حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز میں اضافی ورکنگ ڈے سے نہ صرف رش میں کمی آئے گی بلکہ سائلین کا قیمتی وقت بھی بچے گا اور دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کو بار بار دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں زمینوں کے ریکارڈ، انتقالات اور رجسٹری سے متعلق معاملات میں شفافیت اور بروقت خدمات انتہائی ضروری ہیں، اس لیے اراضی ریکارڈ سنٹرز کے اوقات کار اور دنوں میں توسیع ایک مثبت اور عوام دوست قدم ثابت ہو سکتی ہے۔
شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف عوامی مشکلات میں کمی آئے گی بلکہ سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بھی مزید مضبوط ہوگا اور اراضی سے متعلق امور زیادہ شفاف اور تیز رفتار انداز میں انجام دیے جا سکیں گے۔
