رمضان المبارک میں شہریوں کو محفوظ اور پُرسکون ماحول فراہم کرنا جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے، ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیرِ نگرانی ڈی پی او آفس جہلم میں رمضان المبارک کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، خواتین کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام سے متعلق جامع حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں ایس پی انویسٹیگیشن جہلم، ایس ڈی پی اوز اور ضلع بھر کے ایس ایچ اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ ڈی ایس پی انویسٹیگیشن، انچارج سیف سٹی جہلم، انچارج ایلیٹ فورس اور انچارج برانچز ڈی پی او آفس جہلم بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران تمام مساجد، امام بارگاہوں، رمضان سہولت بازاروں، مارکیٹس اور اہم تجارتی مراکز پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ نمازِ تراویح، افطار اور سحر کے اوقات میں خصوصی گشت اور اضافی نفری تعینات کی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے بازاروں اور عوامی مقامات پر لیڈی پولیس کی مؤثر تعیناتی کی جائے گی، جبکہ سائیکل اسکواڈ مسلسل گشت کریں گی۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان نافذ کیا جائے گا، رش کے اوقات میں اضافی وارڈنز تعینات ہوں گے اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری ملزمان اور مشکوک افراد کے خلاف سرچ آپریشنز، ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔ ڈی پی او جہلم نے واضح ہدایت دی کہ فرائض میں غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران و اہلکار شہریوں سے خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل اختیار کریں۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران ضلع جہلم میں امن و امان کی فضا ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقدس مہینے میں شہریوں، خصوصاً خواتین اور بزرگوں کو محفوظ اور پُرسکون ماحول فراہم کرنا ضلعی پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

Exit mobile version