جہلم: دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کرکے مریضوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، ماہم مشتاق

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جہلم میں طبی خدمات، بنیادی سہولیات اور مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہم مشتاق کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ہسپتال کے مختلف شعبوں کی کارکردگی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات، دستیاب وسائل اور ضروری انتظامات پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران علاج معالجے، ادویات کی دستیابی، صفائی و حفظانِ صحت، طبی آلات، ایئر کنڈیشننگ، پینے کے پانی، واش رومز اور مرمت و بحالی سمیت مختلف امور زیرِ غور آئے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے ہسپتال میں جاری انتظامات اور مختلف شعبوں سے متعلق امور کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز ماہم مشتاق نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں تمام ضروری انتظامات فعال رکھے جائیں اور نشاندہی کیے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، تاکہ مریضوں کو بروقت طبی سہولیات اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

ماہم مشتاق نے کہا کہ دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کرتے ہوئے مریضوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم عوامی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے انتظامی نگرانی کو مؤثر بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر نہ ہونے دی جائے۔

انہوں نے ہسپتال میں طبی و بنیادی سہولیات کی باقاعدہ نگرانی، زیرِ التوا معاملات کے فوری حل اور مریضوں کی مناسب رہنمائی پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو بہتر ماحول اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ شعبے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے انتظامی امور میں بہتری، دستیاب سہولیات کے مؤثر استعمال اور مریضوں کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی غیر ضروری رکاوٹ یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

↑
Exit mobile version