چوہدری عابد اشرف جوتانہ کی جیت حلقے کی سب سے بڑی لیڈ سے ہو گی، راجہ افتخار احمد شہزاد

کھیوڑہ: راجہ افتخار احمد شہزاد نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں اپنی دھرتی اپنا راج گروپ این اے 61 میں سرپرائز دے گا، چوہدری عابد اشرف جوتانہ کی جیت حلقے کی سب سے بڑی لیڈ سے ہوگی۔

سابق تحصیل ناظم راجہ افتخار احمد شہزاد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پسماندہ رہ جانے والی تحصیل کے باسی ووٹ کی طاقت سے اپنی محرومیوں کا ازالہ کرنے پر کمر بستہ ہو چکے ہیں، گزشتہ 70 سالوں سے لولی پاپ سے بہلائے جانے والے سیدھے سادے اور سادہ لوح تحصیل کے باسی اب اپنی قیادت اپنوں کے ہاتھوں میں دے کر ہی اپنی دھرتی کو سنوارنے کا عزم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مخلص عوام نے 70 سال تک اپنی بہبود کے لیے لیڈروں کو اعتماد کا ووٹ دیا لیکن لیڈروں کی نااہلیوں کے باعث اج بھی یہ دھرتی سنٹرل پنجاب کا سب سے پسماندہ علاقہ ہے، یہاں کی نہ کوئی سڑک سالم ہے نہ پینے کا پانی ہے نہ سکول ہے نہ کالج ہیں۔ مزدوروں کے علاقے میں چلنے والی صنعتوں میں نہ یہاں کے عوام کا کوئی حصہ ہے اور نہ ہی ان کو ملازمتیں مل رہی ہیں۔

راجہ افتخار احمد شہزاد نے کہا کہ اس تمام تر زبوں حالی میں عوام بالکل بے قصور ہے، اس کی تمام تر ذمہ داری نا اہل گونگے اور بڑھ بڑھ کر باتیں کرنے والے بڑ بولے لیڈروں پر عائد ہوتی ہے، عوام نے ایک عرصہ تک ووٹ کی طاقت سے اپنے حالات بدلنے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے چکوال کے ضلع بننے کے بعد علاقائی تقسیم ہو یا ترقیاتی منصوبے ہوں تحصیل تو اپنے حصے کا فنڈ بھی اپنے ڈسٹرکٹ سے حاصل نہیں کر سکی۔

سابق تحصیل ناظم نے مزید کہا کہ اس بار عوام کا مکمل طور پر عہد ہے کہ اپنی دھرتی کے لیے اپنے ہی لوگوں کو چن کر اپنی تمام تر سابقہ محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ تحصیل کے موجودہ سیاسی حالات روز روشن کی طرح بتا رہے ہیں کہ دھرتی سے محبت کرنے والوں نےعہد کر لیا ہے کہ وہ آنے والے الیکشن میں اپنے جیسوں اپنے درمیان رہنے والوں اور اپنا درد محسوس کرنے والوں کو نہ صرف ووٹ دیں گے بلکہ ووٹوں کے لیے کوشاں بھی ہوں گے۔

Exit mobile version