کمشنر راولپنڈی ڈویژن کا جہلم، دینہ اور سوہاوہ کے ماڈل بازاروں کا دورہ، بیوٹیفکیشن کاموں کا جائزہ لیا

دینہ: وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ماڈل بازاروں کی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے ضلع جہلم کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے ہمراہ جہلم، دینہ اور سوہاوہ کے ماڈل بازاروں میں جاری بیوٹیفکیشن اسکیم کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

دورے کے دوران کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ماڈل بازاروں میں جاری مختلف ترقیاتی و تزئینی کاموں کا موقع پر جائزہ لیا، جن میں کابل اسٹونز کی تنصیب، ٹینسائل شیڈز، واک ویز کی تعمیر و بہتری، گرین بیلٹس، دیدہ زیب لائٹنگ، رنگ و روغن، سائن بورڈز اور برانڈنگ، داخلی و بیرونی حصوں کی تزئین و آرائش سمیت دیگر متعلقہ کام شامل ہیں۔

اس موقع پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی تحصیلوں کے ماڈل بازاروں میں جاری بیوٹیفکیشن اسکیم کے تحت ہونے والے کاموں، ان کی پیش رفت اور تکمیل کے مراحل کے حوالے سے کمشنر سلمان غنی کو بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بھی ضلع بھر میں جاری بیوٹیفکیشن اقدامات اور مجموعی پیش رفت سے کمشنر کو آگاہ کیا۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے جاری منصوبوں کے معیار، رفتار اور مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام کام منظور شدہ ڈیزائن اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ماڈل بازاروں میں بہتر شہری ماحول، منظم برانڈنگ، خوبصورتی اور عوامی سہولیات کو ترجیح دی جائے اور بیوٹیفکیشن اسکیم کے تحت جاری تمام کام معیاری اور پائیدار انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Exit mobile version