دینہ: محکمہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ جہلم نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چک براہم کے مقام پر نان کسٹم پیڈ امپورٹڈ سگریٹس اور لوکل کمپنی برانڈ کے غیر قانونی سگریٹس کو نذرِ آتش کر دیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں فرحت قیوم (چیف کمشنر ایف بی آر راولپنڈی) اور اسامہ شوکت نے خصوصی شرکت کی جبکہ محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے انسپکٹر اسد ہارون بھی تقریب میں موجود تھے۔
افسرانِ بالا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ نان کسٹم پیڈ امپورٹڈ سگریٹس اور غیر قانونی لوکل کمپنی برانڈ کے سگریٹس کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
افسران کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سگریٹس کی روک تھام کے لیے ایسے آپریشنز مستقبل میں بھی جاری رہیں گے اور جو بھی شخص نان کسٹم پیڈ یا غیر قانونی سگریٹس فروخت کرتا ہوا پکڑا گیا، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ غیر قانونی سگریٹس کی خرید و فروخت سے اجتناب کریں اور ایسے عناصر کی نشاندہی متعلقہ اداروں کو کریں۔
