دینہ: حلقہ این اے 60 جہلم ون سے ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، اوورسیز پاکستانی چیئرمین مہربانی فاؤنڈیشن راجہ محمود اور پیر سہیل کیانی کی مشترکہ کوششوں سے منگلا روڈ کینٹ ٹول پلازہ کے ساتھ واقع بڑل گاؤں اور اس سے ملحقہ آبادیوں کے لیے ایک دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا گیا۔
یہ مطالبہ یوٹرن کی تعمیر سے متعلق تھا، جو کئی سالوں سے علاقے کی عوام کے لیے ایک اہم ضرورت بن چکا تھا۔ یہ منصوبہ مکمل طور پر پاک فوج کی معاونت اور انچارج منگلا کینٹ بورڈ کی خصوصی شفقت سے ممکن ہوا۔ اس کے علاوہ محکمہ ہائی وے پنجاب نے گورنمنٹ آف پنجاب سے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کر کے اس یوٹرن کی تعمیر کو عملی جامہ پہنایا۔ اس اجازت نامے کی بنیاد پر یوٹرن کا کام شروع کیا گیا اور علاقے کے عوام کی سہولت کے لیے اسے مکمل کیا گیا۔
گزشتہ روز سی ای او منگلا کینٹ کی باقاعدہ اجازت کے بعد راجہ محمود اور پیر سہیل کیانی نے نوجوانوں کے ساتھ مل کر اس یوٹرن کو مکمل کر لیا اور عوام کے لیے کھول دیا۔
اس موقع پر چیئرمین مہربانی فاؤنڈیشن راجہ محمود اور پیر سہیل کیانی نے ایک اہم پیغام دیا کہ ان کا کوئی سیاسی مقصد نہیں ہے بلکہ وہ ذات برادری سے ہٹ کر صرف عوام کی خدمت اور فلاحی کاموں کو اہمیت دیتے ہیں۔ ان کے دل کو سکون صرف اس بات سے ملتا ہے کہ وہ عوام کی مدد کر کے انہیں سہولت فراہم کرتے ہیں۔
راجہ محمود اور پیر سہیل کیانی نے مزید کہا کہ یوٹرن کا کھلنا کسی کی جیت یا ہار نہیں ہے بلکہ یہ عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جو بالآخر پورا ہوا ہے۔ دونوں نے اس منصوبے میں تعاون کرنے والے تمام دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی مدد اور تعاون کے بغیر یہ منصوبہ ممکن نہیں ہوتا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے علاقے میں باہمی محبت، اتفاق اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے، جو ایک مضبوط اور خوشحال کمیونٹی کی تشکیل کی طرف قدم بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اس عمل کے مکمل ہونے سے علاقے کی عوام کو روزانہ کی آمد و رفت میں آسانی ہوگی اور ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئے گی، جو اس علاقے کے رہائشیوں کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
