پنڈدادنخان میں سی سی ڈی سے مقابلے میں بزرگ خاتون کے قتل میں ملوث ملزم ہلاک

پنڈدادنخان میں سی سی ڈی اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ، بزرگ خاتون کے قتل میں ملوث ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ ملزم کی تدفین کا تنازع پولیس کی مداخلت سے حل ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی علاقے واڑہ پھپھرہ میں سی سی ڈی ٹیم اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان گزشتہ روز مبینہ مقابلہ پیش آیا، جس کے دوران ایک مسلح ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عزیز ولد نصرت سکنہ واڑہ پھپھرہ کے نام سے ہوئی ہے، جو چند روز قبل ڈکیتی کی ایک واردات میں ملوث تھا۔ ملزم نے تین روز قبل ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے 60 سالہ بزرگ خاتون پروین کو قتل کر دیا تھا، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

واقعے کے بعد سی سی ڈی اور مقامی پولیس ملزم کی تلاش میں سرگرم تھیں۔ گزشتہ روز مبینہ مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

سی سی ڈی ٹیم نے لاش تحویل میں لے کر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دی جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب ملزم کی ہلاکت کے بعد اس کی تدفین کے معاملے پر واڑہ پھپھرہ میں تنازع بھی کھڑا ہو گیا۔ نمازِ جنازہ کے بعد جب میت کو آبائی قبرستان میں دفنانے کے لیے لایا گیا تو مقتولہ بزرگ خاتون کے لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے تدفین کی مخالفت کر دی، جس پر علاقے میں کشیدگی پیدا ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں لیا۔

پولیس حکام اور علاقہ کے معززین کی مداخلت سے فریقین کے درمیان مذاکرات کیے گئے، جو کامیاب رہے۔ باہمی اتفاق سے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ میت کو آبائی قبرستان کے بجائے دوسرے قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا، جس کے بعد تدفین کا عمل مکمل کر لیا گیا۔

Exit mobile version