جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں ٹریفک کی روانی، شہریوں کو درپیش مسائل اور ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ سارہ امجد، اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان، سیکرٹری آر ٹی اے ولید اور ڈی ایس پی ٹریفک خرم سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران شہر کے اہم مقامات پر ٹریفک کی صورتحال، رش کے اوقات، پارکنگ کے مسائل، تجاوزات اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ٹریفک نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، شہریوں کو آسان سفری سہولیات فراہم کرنے اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط حکمتِ عملی، بہتر رابطہ کاری اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
