پنڈدادنخان کے شہریوں نے صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور علاقے کو پنجاب صاف پانی پروگرام میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی شہریوں کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے صاف پانی پروگرام کے تحت ضلع خوشاب میں کروڑوں روپے مالیت کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جہاں جلد شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی متوقع ہے، تاہم تحصیل پنڈدادنخان تاحال اس منصوبے سے محروم ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی موجودہ واٹر سپلائی سکیم خستہ حالی کا شکار ہے۔ ان کے بقول متعدد مقامات پر زیرِ زمین پانی کی لائنیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کے باعث سیوریج کا پانی سپلائی لائنوں میں شامل ہو جاتا ہے، جس سے بعض علاقوں میں آلودہ اور بدبودار پانی گھروں تک پہنچنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ بعض رہائشی آج بھی جوہڑوں اور دیگر غیر محفوظ ذرائع سے پانی حاصل کرنے پر مجبور ہیں، جس سے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق صاف پانی کی عدم دستیابی سے بزرگ، خواتین، بچے اور طلبہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اور اس مسئلے کے باعث انہیں روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پنڈدادنخان کی مختلف سماجی اور فلاحی تنظیموں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے تحت پنڈدادنخان میں جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ اور صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ 50 ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل اس تاریخی شہر کے مکینوں کو محفوظ اور معیاری پینے کا پانی میسر آ سکے۔
