جہلم: 12 ربیع الاول کی مناسبت سے ضلع جہلم میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ایک نجی مارکی میں شایانِ شان رحمتُ العالمین ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس میں وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری نے شرکت کی۔ کانفرنس میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران، علماء کرام، امن کمیٹی کے اراکین، تاجر برادری، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
تقریب کے دوران نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی جبکہ سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف روشن اور آفاقی پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔ مقررین نے حضور اکرم ﷺ کے پیغامِ رحمت، محبت، تحمل، مساوات اور باہمی احترام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے مکمل رہنمائی کا سرچشمہ ہے اور ایک پُرامن و خوشحال معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ جشنِ میلادِ مصطفیٰ ﷺ محض عقیدت کے اظہار کا موقع نہیں بلکہ سیرتِ رسول ﷺ کی تعلیمات کو عملی زندگی کا حصہ بنانے اور معاشرے میں اخوت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے عزم کی تجدید کا بھی موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات امن، انسانیت اور باہمی احترام کا جامع درس دیتی ہیں۔
کانفرنس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی و استحکام، امن و خوشحالی، ترقی و سربلندی اور امتِ مسلمہ کی فلاح کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ ملک و قوم کی فلاح، عوام کی خوشحالی اور ہر قسم کی آزمائش و آفت سے حفاظت کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کے پیغامِ محبت، امن، اخوت اور رواداری کو اپنی زندگیوں میں اپناتے ہوئے معاشرے میں عام کیا جائے گا۔
