جہلم میں 9 سالہ بچی سے مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش، پولیس نے ملزم گرفتار کر لیا

جہلم پولیس نے کمسن بچوں کے تحفظ کے لیے کارروائی کرتے ہوئے 9 سالہ بچی سے مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم میں تھانہ صدر پولیس کو واقعے کی اطلاع موصول ہونے پر ایس ایچ او صداقت علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی اور 9 سالہ بچی سے مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تفتیش کے دوران شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ مقدمے کو قانونی تقاضوں کے مطابق آگے بڑھایا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا اور اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ بچوں کا تحفظ اور شہریوں کی عزت و آبرو کی حفاظت جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ بچوں کے تحفظ سے متعلق معاملات کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

↑
Exit mobile version