جہلم سمیت پنجاب بھر کے اسلحہ ڈیلرز کو آن لائن پورٹل پر اندراج کے لیے مزید 10 دن کی مہلت دے دی گئی ہے۔
اس حوالے سے پنجاب آرمز لائسنس پورٹل پر ڈیجیٹل انوینٹری سے متعلق اسلحہ ڈیلرز کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے بھر سے 350 سے زائد اسلحہ ڈیلرز نے شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق تربیتی ورکشاپ میں اسلحہ ڈیلرز کو آن لائن پورٹل پر موجودہ اسٹاک، خرید و فروخت سمیت تمام ضروری کوائف درج کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلحہ ڈیلرز کی درخواست پر محکمہ داخلہ نے آن لائن پورٹل پر اندراج کے لیے مزید 10 دن کی مہلت دی ہے، جبکہ موجودہ اسٹاک اور خرید و فروخت کا ریکارڈ آن لائن درج کرنے کے لیے 6 ستمبر 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کے بعد صوبے بھر میں اسلحہ ڈیلرز کی خرید و فروخت کا تمام ریکارڈ آن لائن دستیاب ہوگا، جس سے ریکارڈ کو ڈیجیٹل اور زیادہ شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔
ترجمان کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر 413 رجسٹرڈ اسلحہ ڈیلرز ہیں، جن میں سے اب تک 230 ڈیلرز ڈیجیٹل انوینٹری پر اپنے کوائف درج کر چکے ہیں۔
