سوہاوہ پولیس نے شادی کی تقریب میں آتش بازی کر کے امن عامہ میں خلل ڈالنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے آتش بازی کا سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور ان کی ٹیم نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان شادی کی تقریب کے دوران آتش بازی کر رہے تھے جس سے نہ صرف امن عامہ متاثر ہونے کا خدشہ تھا بلکہ شہریوں کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے آتش بازی کا سامان برآمد کر لیا اور ان کے خلاف تھانہ سوہاوہ میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور قانون شکنی میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی تقریبات میں غیر قانونی آتش بازی، ہوائی فائرنگ اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں قانون کی پابندی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ عوامی تحفظ اور امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔
