دینہ: تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے سال 2025 سے لاپتہ 17 سالہ لڑکے کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں 17 سالہ لڑکے کے لواحقین نے تھانہ منگلا کینٹ میں درخواست دی تھی، جس پر مقدمہ درج کر کے پولیس نے لڑکے کی تلاش شروع کر دی تھی۔
ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ لڑکے کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔
پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بازیاب ہونے والے لڑکے کو اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا، جنہوں نے جہلم پولیس کی بروقت کارروائی اور بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور لاپتہ افراد کی بازیابی جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات جاری رہیں گے۔
