پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے قائم پارلیمانی ٹاسک فورس کے کنوینئر بلال اظہر کیانی سے یو این ڈی پی کے پاکستان میں مقامی نمائندے سیموئیل رزک کی سر براہی میں وفد نےملاقات کی جس میں ڈپٹی ریذیڈنٹ نمائندہ وان نگوین اوراسسٹنٹ ریذیڈنٹ نمائندہ عمارہ بھی شامل تھیں ۔
کنوینئر نے وفد کو ٹاسک فورس کی جاری پیشرفت اور پارلیمانی ٹاسک فورس کے اندر 4 ذیلی گروپوں کی تشکیل کے بارے میں بتایا جو 4 زمروں پر مبنی ہیں جن میں 17 پائیدار ترقی کے اہداف کو تقسیم کیا گیا ہے جن میں عوام کی خوشحالی، کرہ ارض ، امن اور شراکت داری جیسے اہداف کے حصول کو موثر انداز میں یقینی بنانا ہے ۔
دونوں فریقین نے پارلیمنٹرینز کے لئے اورینٹیشن سیشنز اور ورکشاپس کے انعقاد میں ایک دوسرے کی مدد اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور اتفاق کیا تاکہ وفاق اور صوبوں کی سطح پر 17 اہداف کے حصول میں پیشرفت اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ارکان پارلیمنٹ کی استعداد کار میں اضافے ، معلومات تک رسائی اور موثر قانون سازی کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے ۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی تعاون کے” فریم ورک پاکستان” پر کامیابی سے عملدرآمد اور اس کے نتیجے میں مستقبل کے سربراہی اجلاس میں تجویز کردہ ایکشن پلانز اور حل پر بھی زور دیا۔
سیموئل رِزک نے کنوینئر بلال اظہر کیانی کی پارلیمانی ٹاسک فورس کو خصوصی ذیلی گروپوں میں تشکیل دینے کے عمل کو سراہا اور انہیں ایس ڈی جیز پر پارلیمانی ٹاسک فورس کے کنوینئر کے طور پر ان کی صلاحیتوں پر اعتماد کے اظہار کے طور پر ایک یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔
