دینہ کے قریب ڈومیلی موڑ کے مقام پر ڈرائیور کو نیند آ جانے کے باعث سامان سے بھرا ٹرک جی ٹی روڈ پر الٹ گیا، تاہم خوش قسمتی سے ٹرک کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر دونوں محفوظ رہے۔
راولپنڈی کی سمت سے آنے والا سامان سے بھرا ٹرک، جس کا رجسٹریشن نمبر LES-5600 بتایا جاتا ہے، ڈومیلی موڑ کے قریب پہنچتے ہی ڈرائیور کو نیند آ جانے کے باعث بے قابو ہو کر سڑک پر الٹ گیا۔ ٹرک راولپنڈی سے لاہور کی جانب جا رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ بعد ازاں ریسکیو 1122 کی ٹیم نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ واقعے کے باعث کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، تاہم امدادی اقدامات کے بعد حالات معمول پر آ گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت اور نیند کے باعث پیش آیا، جبکہ کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ شہریوں نے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ طویل سفر کے دوران آرام کو یقینی بنائیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
