جہلم پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے لین دین کے ایک تنازع کو خوش اسلوبی سے حل کر کے متاثرہ شہری کو 8 لاکھ روپے کی رقم واپس دلوا دی، جس پر متاثرہ فریق نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ سول لائنز پولیس کو فریقین کے درمیان مالی لین دین کے تنازع کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں فریقین کو طلب کیا اور معاملے کی مکمل جانچ پڑتال کی۔
پولیس حکام کے مطابق فریقین کے درمیان مالی معاملات پر پیدا ہونے والے اختلافات کو قانونی اور اخلاقی تقاضوں کے مطابق حل کیا گیا، جس کے نتیجے میں متاثرہ شہری کو اس کی 8 لاکھ روپے کی رقم واپس دلوا دی گئی۔ معاملے کے خوشگوار حل کے بعد دونوں فریقین نے اطمینان کا اظہار کیا۔
متاثرہ شہری نے رقم کی واپسی پر جہلم پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بروقت مداخلت کر کے اس کے جائز حق کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا، جس پر وہ پولیس کے اقدامات کو سراہتا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ان کے جائز مسائل کا حل جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فوری انصاف اور ریلیف کی فراہمی کے لیے پولیس ہر وقت متحرک ہے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم پولیس عوامی اعتماد کے فروغ اور مسائل کے بروقت حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے رہی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
