مانچسٹر: برطانیہ اوریورپ میں مختلف چھوٹے اوربڑے اسٹورز پر ماہ مقدس رمضان المبارک کی آمد سے قبل تمام اشیائے خوردونوش ودیگر ضروریات زندگی کے سامان پر گرانقدر ڈسکاؤنٹ آفر لگا دی گئیں تاکہ مسلمان کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
ماہ مقدس میں مسلمان کمیونٹی کے علاوہ دیگر مذاہب کے چھوٹے اوربڑے صنعت کاروں، بزنس مینوں اور دوکانداروں سمیت فیکٹر یزمالکان کی جانب سے مسلم کمیونٹی کے کام کے دورانیے میں کمی کر دی جائے گی تاکہ مسلمان اس بابرکت مہینے میں روزہ کے علاوہ مذہبی عبادات پُرسکون طریقے سے سر انجام دے سکیں۔
علاوہ ازیں غیر مسلم کمیونٹی کی طرف سے مسلمانوں کو رمضان المبارک کے تہنیتی پیغامات واٹس ایپ میسج اورکارڈ ز ارسال کئے جا رہے ہیں۔ ایم پی، کونسلرز اورمیئرز کی طرف سے بھی ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ برطانیہ میں مسلمانوں کی تعداد 3868133 سے بھی زائد ہے جب کہ مساجد کی تعداد تقریبا 15 ہزار کے قریب ہے ۔
برطانیہ میں مساجد میں افطاری کا خصوصی بندوبست کیا جاتا ہے اور ان افطار پارٹیوں میں غیر مسلم کمیونٹی کو بھی مدعو کیا جاتا ہے۔ برطانیہ کی مساجد میں افطاری اور سحری کے قابل قدر انتظامات کے علاوہ درس قرآن اور تراویح کا خصوصی انتظام بھی کیا جاتا ہے۔
