دینہ: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سوہاوہ نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے خصوصی آگاہی مہم “چالان نہیں، ہیلمٹ” کا آغاز کر دیا ہے جبکہ عوامی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر ہیلمٹ فروخت کرنے کے اسٹالز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری کی خصوصی ہدایات پر سیکٹر این۔فائیو نارتھ ٹو سوہاوہ میں یہ آگاہی مہم شروع کی گئی ہے جو سیکٹر کمانڈر نارتھ ٹو جہلم ایس ایس پی زاہد نذیر وریاہ کی زیر نگرانی جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق اس مہم کا مقصد موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے لازمی استعمال کو فروغ دینا، ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنانا اور شاہراہوں پر حادثات کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کو کم کرنا ہے۔
اس سلسلے میں مندرہ، سوہاوہ اور جہلم ٹول پلازہ سمیت اہم مقامات پر آگاہی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ شہریوں کو موقع پر بریفنگ دے کر محفوظ ڈرائیونگ، لین ڈسپلن اور ہیلمٹ کے استعمال کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
عوامی سہولت کے پیش نظر مقامی وینڈرز کے تعاون سے مختلف مقامات پر ہیلمٹ فروخت کرنے کے اسٹالز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہری مناسب قیمت پر معیاری ہیلمٹ حاصل کر سکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صرف قانونی کارروائی کرنا نہیں بلکہ عوام میں شعور اجاگر کرنا اور انہیں عملی سہولت فراہم کرنا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں خلاف ورزی کرنے والوں کو چالان کرنے کے بجائے آگاہی اور تنبیہ دی جا رہی ہے تاکہ وہ رضاکارانہ طور پر قانون کی پاسداری کریں، تاہم مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں نے اس مثبت اقدام کو سراہتے ہوئے موٹروے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ موٹروے پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مستقبل میں بھی شاہراہوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ایسی آگاہی مہمات جاری رکھی جائیں گی۔
