سعودی عرب میں کارکنوں کے دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد

ریاض: سعودی عرب میں نجی شعبے کے تمام اداروں کے کارکنوں کے لیے براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارت افرادی قوت اور قومی کونسل برائے اکیوپیشنل سیفٹی اور صحت نے نجی شعبے کے تمام اداروں کے کارکنوں کے لیے 15 جون سے 15 ستمبر تک دوپہر 12 سے سہ پہر 3 بجے تک براہ راست دھوپ میں کام کرنے پر 3 ماہ کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔

اس حوالے سے ان اداروں کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد نجے شعبے کے کارکنوں کے تحفظ اور ان کی صحت کو یقینی بنانا ہے، اکیوپیشنل سیفٹی اور صحت کے بین الاقوامی معیارات کے مطابق صحت مند اور محفوظ کام کا ماحول فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، تمام آجر اس فیصلے پر عمل درآمد کریں تاکہ کام کا محفوظ ماحول پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ کارکنوں کو حادثات اور بیماریوں سے بچایا جا سکے۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی وزارت کی جانب سے براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے پر پابندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاع دینے کے لیے سرکاری حکام نے نمبر بھی جاری کیا گیا ہے، اس کے علاوہ اس قسم کی خلاف ورزی کی اطلاع موبائل فون ایپلی کیشن کے ذریعے بھی دی جاسکتی ہے۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات کی وزارتِ انسانی وسائل اور ایمریٹائزیشن (MoHRE) نے ملک بھر میں 15 جون سے 15 ستمبر تک دوپہر 12 بج کر 30 سے 3 بجے کے دوران براہ راست سورج کی روشنی اور کھلے مقامات پر کام کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے دوپہر کے وقفے کا اعلان کیا ہے، اس پابندی کا مقصد گرمیوں کی شدید تپش میں کام کرنے والے مزدوروں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے، یہ وقفہ لگاتار بیسویں سال نافذ کیا جا رہا ہے اور مملکت کے مزدور قوانین کا ایک اہم حصہ ہے۔

وزارت کے معائنہ امور کے اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری محسن النسی نے کہا کہ یہ پابندی نجی شعبے کی کمپنیوں میں ایک اہم روایت بن چکی ہے اور وزارت مزدوروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم بعض ضروری کام جو عوامی خدمات سے متعلق ہیں، جیسے کہ سڑکوں کی تعمیر، پانی یا بجلی کی فراہمی میں خلل کی مرمت اور ٹریفک کے مسائل سے نمٹنا ان کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

آجروں پر لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ دوپہر کے وقفے کے دوران یا مستثنیٰ کاموں کے دوران بھی مزدوروں کو براہ راست سورج کی روشنی سے بچاؤ کے لیے سایہ دار جگہ، پنکھے، پینے کا پانی، نمکیات اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کریں، وزارت خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر 5 ہزار درہم فی مزدور اور مجموعی طور پر 50 ہزار درہم تک جرمانہ عائد کر سکتی ہے، وزارت اس سلسلے میں آگاہی مہم بھی چلائے گی۔

Exit mobile version