12
جہلم شہر اور گردونواح میں اشیائے خورونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی ایک خواب بن کر رہ گئی ہے۔ روٹی، دودھ، دہی، چاول، دالیں، سبزیاں، فروٹ اور دیگر اشیا کے خود ساختہ نرخ مقرر کیے جا رہے ہیں، جس سے شہری حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے واضح احکامات کے باوجود ضلعی انتظامیہ جہلم شہر اور گردونواح میں اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ تاجر تنظیموں، سول سوسائٹی اور سیاسی قائدین کے ساتھ ماہانہ اجلاس منعقد کر کے سرکاری قیمتیں مقرر کرتی ہے، تاہم ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تعینات تقریباً تین درجن پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کر کے اشیا کے معیار اور نرخ چیک کرنے کے باوجود مؤثر کارروائی نہیں کر رہے۔
ضلعی اور تحصیل کی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث شہر اور ضلع بھر میں دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں اور گراں فروشی سے منافع کما رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے عوام کے لیے اشیاء کی دستیابی مشکل بنا دی ہے اور مارکیٹ میں غیر معیاری اور مہنگی اشیا فروخت کی جا رہی ہیں۔
جہلم شہر کی سماجی، رفاہی اور فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری زراعت سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے خورونوش کی مقررہ قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر اشیاء دستیاب ہو سکیں۔
