5
پنڈدادنخان پولیس کی اہم کارروائی، غیر قانونی پیٹرول فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم نے غیر قانونی پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے قبضے سے غیر قانونی طور پر فروخت کیا جانے والا پیٹرول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم بغیر اجازت اور خلافِ قانون پیٹرول فروخت کر رہا تھا، جس سے نہ صرف عوام کی جان و مال کو خطرات لاحق تھے بلکہ آتشزدگی جیسے بڑے حادثات کا بھی خدشہ تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ پنڈدادنخان میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی کاروبار اور عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکنی کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور ضلع بھر میں ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا۔
