پنڈدادنخان میں دکان سے 65 سالہ تاجر کی پنکھے سے جھولتی لاش برآمد

پنڈدادنخان کے نواحی علاقے میں ایک دکان سے 65 سالہ تاجر کی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس ے تفتیش شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی گاؤں ٹوبھہ میں واقع ایک دکان سے 65 سالہ تاجر کی پنکھے سے لٹکی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت شوکت کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق ضلع وہاڑی سے بتایا جا رہا ہے۔ شوکت گزشتہ کئی برسوں سے گاؤں ٹوبھہ میں اینٹوں کے کاروبار سے وابستہ تھا۔

ذرائع کے مطابق شوکت کے اہل خانہ کی جانب سے دکان کے مالک کو بار بار فون کالز موصول ہوئیں کہ شوکت کا موبائل فون مسلسل بند جا رہا ہے، جس پر تشویش کے پیش نظر دکان کا شٹر کھولا گیا۔

دکان کے اندر موجود شیشے والا دروازہ اندر سے بند تھا، جب دروازہ کھولا گیا تو شوکت کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی حالت میں پائی گئی۔ واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور ریسکیو ٹیموں کو دی گئی، جس پر تھانہ للہ پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو تحویل میں لے لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ بظاہر خودکشی معلوم ہوتا ہے، جس کی ممکنہ وجوہات پیسوں کے لین دین یا گھریلو حالات بتائی جا رہی ہیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ پولیس کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی ٹیم کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

Exit mobile version