جہلم میں ون ڈش ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن، متعدد میرج ہالز سیل

جہلم: ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں ون ڈش ایکٹ اور مقررہ اوقات کار کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا، جس کے تحت متعدد میرج ہالز کو سیل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے شہر کے مختلف میرج ہالز کا اچانک دورہ کیا اور ون ڈش ایکٹ، تقریبات کے مقررہ اوقات اور دیگر حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

چیکنگ کے دوران بعض میرج ہالز میں واضح خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد ہالز کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔

انتظامیہ کی جانب سے میرج ہال مالکان کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ ون ڈش ایکٹ، اوقات کار اور دیگر قوانین کی مکمل پابندی کریں، بصورت دیگر بھاری جرمانوں اور مزید سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ون ڈش ایکٹ کا مقصد سادہ شادیوں کو فروغ دینا اور عوام کو غیر ضروری اخراجات سے بچانا ہے جبکہ اوقات کار کی پابندی شہریوں کے آرام اور امن و امان کے قیام کے لیے ضروری ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یہ کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہے گا اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Exit mobile version