دینہ میں 15 سالہ لڑکی سے ویران حویلی میں مبینہ زیادتی، ملزم گرفتار

دینہ کے نواحی علاقہ میں درندہ صفت ملزم نے 15 سالہ لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطا بق جہلم کی تحصیل دینہ میں تھانہ منگلا کینٹ کے علاقہ کرلہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک 15 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر ویران حویلی میں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ منگلا کینٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

دینہ کے علاقہ ہڈالی کی رہائشی خاتون نے بیان دیا کہ وہ اپنی بیٹی کو نانی کے ہمراہ کرلہ لے گئی تھیں۔ خاتون کے مطابق جب ان کی بیٹی گلی میں نکلی تو ملزم زبیر فاروق نے اسے ورغلا پھسلا کر ویران حویلی میں لے جا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی طارق عزیز سندھو کے احکامات پر تھانہ منگلا کینٹ کے ایس ایچ او اور پولیس ٹیم نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور مکمل تفتیش کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے واضح کیا کہ خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی جیسے سنگین جرائم میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ قانون کے مطابق تمام تقاضے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

Exit mobile version