پنڈدادنخان: ناقص سیفٹی انتظامات کے باعث ٹرک بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ناقص سیفٹی انتظامات کے باعث ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ زیر تعمیر برساتی نالے (جلالپور کندوال نہر) چوران کے قریب ایک ٹرک دورانِ آمد و رفت اوور ہیڈ بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ٹرک کے قریب موجود بھیلووال کا نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کے فوری بعد ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، تاہم مزید علاج کے لیے اُسے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ سیفٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی اور تعمیراتی مقام پر مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث پیش آیا۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ تعمیراتی مقامات پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
