دینہ: گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول دینہ میں موٹروے پولیس سیکٹر N-5 نارتھ ٹو جہلم کی جانب سے روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلباء میں ٹریفک قوانین، محفوظ ڈرائیونگ اور سڑک پر سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی زاہد نذیر وریاہ نے طلباء کو روڈ سیفٹی کی اہمیت سے آگاہ کیا اور محفوظ ڈرائیونگ، ہیلمٹ کے استعمال اور ٹریفک قوانین کی پابندی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے ہی ممکن ہے، اس لیے نوجوان نسل کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے سڑکوں پر اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ایس پی زاہد نذیر وریاہ نے کہا کہ ہیلمٹ محض چالان سے بچنے کا ذریعہ نہیں بلکہ حادثے کی صورت میں انسانی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں کو چاہیے کہ وہ ہر سفر کے دوران معیاری ہیلمٹ استعمال کریں اور ٹریفک قوانین پر مکمل عمل کریں۔
اس موقع پر موٹروے پولیس کی جانب سے روڈ سیفٹی سے متعلق خصوصی آگاہی سٹال بھی قائم کیا گیا، جہاں طلباء کو ٹریفک قوانین، سڑکوں پر بنائی گئی علامات و نشانات (روڈ مارکنگ) اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے عملی رہنمائی فراہم کی گئی۔ سیمینار کے دوران بچوں میں مفت ہیلمٹس، موٹر سائیکلوں کے لیے سائیڈ ویو مررز اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے تاکہ وہ ان حفاظتی اقدامات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا سکیں۔
تقریب میں سوال و جواب کا ایک معلوماتی سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں طلباء نے ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق مختلف سوالات کیے۔ موٹروے پولیس کے افسران نے طلباء کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے، جسے شرکاء نے سراہا۔
سیمینار میں ڈی ایس پی عبداللطیف، انسپکٹر مشاہد حسن، انسپکٹر احتشام الرحمن، سب انسپکٹر نعمان فاروق اور سکول کے پرنسپل شکیل احمد نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ٹیچر ملک نعمان امتیاز اعوان نے انجام دیے۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل شکیل احمد نے موٹروے پولیس کی جانب سے طلباء میں روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے اور حفاظتی سامان فراہم کرنے کی کاوش کو سراہا اور اس اقدام پر موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسی آگاہی سرگرمیوں سے نوجوانوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ سفر کے حوالے سے شعور مزید فروغ پائے گا۔
