جہلم میں فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹی دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن، 1300 لیٹر ناقص دودھ تلف

جہلم:پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم کی ناقص دودھ سپلائی کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 1300 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم کی جانب سے ناقص اور ملاوٹی دودھ کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مین جی ٹی روڈ، روہتاس روڈ اور شمالی محلہ میں ناکے لگا کر دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی، جس دوران تین گاڑیوں میں موجود مجموعی طور پر 8 ہزار لیٹر دودھ کا معائنہ کیا گیا۔

چیکنگ کے دوران 1300 لیٹر پانی ملا ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ ناقص دودھ سپلائی کرنے پر 2 دودھ بردار گاڑیوں کو مجموعی طور پر 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ دودھ منڈی بہاؤالدین اور سرگودھا سے جہلم، دینہ اور راولپنڈی سپلائی کیا جانا تھا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث تینوں شہروں کے شہریوں کو مضر صحت دودھ پینے سے بچا لیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دودھ بردار گاڑیوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ جاری ہے تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ملاوٹ یا ناقص خوراک سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں۔

Exit mobile version