سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقے بڑاگواہ میں کھیلوں کے میدان آباد، جدید سپورٹس کمپلیکس کا شاندار افتتاح

سوہاوہ کے علاقے بڑاگواہ میں نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور منشیات سے دور رکھنے کے مقصد سے قائم کیے گئے جدید سپورٹس کمپلیکس کا شاندار افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں سیاسی، سماجی، تعلیمی اور علاقائی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

گورنمنٹ ہائی اسکول بڑاگواہ میں قائم سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح رکن صوبائی اسمبلی یاسر قریشی، فوق شیرباز، شہزاد الحق، قمر زمان کیانی، صوبیدار عبدالجبار کیانی، شیر زمان کیانی، پہلوان مختار کیانی، ناصر مسعود کیانی، گوہر کیانی، جمیل کیانی اور احتشام کیانی نے مشترکہ طور پر فیتہ کاٹ کر کیا۔

یہ منصوبہ پہلوان محمد احسان شیر کیانی، جشنِ بڑاگواہ ثقافتی میلہ ٹیم اور بڑاگواہ سپورٹس فٹنس کیمپ ٹیم کی مشترکہ کاوشوں سے مکمل کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو منشیات جیسی سماجی برائیوں سے محفوظ رکھتے ہوئے کھیلوں اور تعلیم کی طرف راغب کرنا ہے۔

تقریب میں حاجی عمران مغل (سرپرستِ اعلیٰ جشنِ بڑاگواہ ثقافتی میلہ)، ذوالفقار المعروف زلفی (ایم ڈی نمک منڈی)، راجہ محمد انور کیانی (سابق ہیڈ ماسٹر)، سید ابرار حسین شاہ، عامر مشتاق برگٹ (سابق صدر جہلم ای کامرس)، راجہ عبیداللہ کیانی سمیت علاقے کی ممتاز سماجی و عوامی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سپورٹس کمپلیکس میں نوجوانوں کے لیے ہاکی، فٹ بال، والی بال، کرکٹ، کبڈی، رسہ کشی، بگدر، ایتھلیٹکس سمیت مختلف کھیلوں کی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔

تقریب کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان ایک دوستانہ نمائشی میچ بھی کھیلا گیا، جس میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر فوق شیرباز، شہزاد الحق اور ان کی ٹیم کو خصوصی مبارکباد پیش کی گئی اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے ساتھ ساتھ معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس منصوبے کو علاقے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

تقریب کے اختتام پر پہلوان محمد احسان شیر کیانی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مشن علاقے سے منشیات کی لعنت کا خاتمہ اور نوجوانوں کو کھیلوں اور تعلیم کی طرف واپس لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نئی نسل کھیلوں کے میدان آباد کرے، اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر علاقے اور ملک کا نام روشن کرے۔

Exit mobile version