جہلم پولیس نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے سدباب کے لیے جاری کارروائیوں کے دوران جنسی زیادتی اور جنسی زیادتی کی کوشش کے دو مختلف مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ صدر اور پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ایک لڑکے کے ساتھ جنسی زیادتی کے مقدمہ میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے اور واقعہ کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
ایک دوسری کارروائی میں تھانہ صدر پولیس نے ایک 7 سالہ بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے اور جنسی زیادتی کی کوشش میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو مکمل تفتیش اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم جیسے سنگین مقدمات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور متاثرین کو ہر ممکن قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقات، خصوصاً خواتین اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور قانون شکن عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
