جہلم پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خطرناک چور گینگ کے 5 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ کالاگجراں پولیس نے خطرناک چور گینگ کے پانچ کارندوں کو گرفتار کر کے شہریوں کے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے 13 لاکھ روپے نقدی، 20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور 12 موٹر سائیکلز برآمد کی گئیں۔
پولیس کے مطابق کالاگجراں کے علاقے میں دوران واردات ایک ملزم موقع پر گرفتار ہوا، جس کی نشاندہی پر باقی ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ گرفتار کیے گئے افراد بارو گینگ اور سجو گینگ سے تعلق رکھتے ہیں۔
بارو گینگ کے تین ملزمان سے 8 موٹر سائیکلز مالیتی 15 لاکھ 40 ہزار روپے، پانچ تولے سونا مالیتی 22 لاکھ روپے، نقدی 12 لاکھ 30 ہزار روپے اور آرٹیفیشل جیولری مالیتی 1 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کی گئی جبکہ سجو گینگ کے دو ملزمان سے 4 موٹر سائیکلز مالیتی 5 لاکھ روپے اور 2 بیٹریاں مالیتی 2 لاکھ 50 ہزار روپے ضبط کی گئیں۔
ملزمان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور مزید برآمدگیاں متوقع ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور شہریوں کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
