دینہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، تھڑے اور شیڈ مسمار، ٹریفک کی روانی بحال

14

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے منگلا روڈ پر تجاوزات کے خلاف اہم اور مؤثر کارروائی کی۔ میونسپل کمیٹی کی ٹیم کے ہمراہ کیے گئے اس آپریشن کا مقصد شہر کی اہم شاہراہ سے غیر قانونی رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور پیدل چلنے والوں کے لیے راستہ صاف کرنا تھا۔

کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے منگلا روڈ پر دکانوں کے باہر غیر قانونی طور پر قائم تھڑے اور شیڈ مسمار کروائے۔ دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ اپنا سامان دکانوں کی مقررہ حدود کے اندر رکھیں تاکہ شہریوں کی آمد و رفت میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے میونسپل کمیٹی کی ٹیم کو ہدایت کی کہ بازاروں اور اہم شاہراہوں میں باقاعدگی سے گشت کیا جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔ انہوں نے شہریوں اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا کہنا ہے کہ شہر کی خوبصورتی، عوامی سہولت اور ٹریفک کے مؤثر نظام کے لیے تجاوزات کے خلاف یہ مہم بلاامتیاز جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سامان رکھ کر راستہ روکنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Exit mobile version