پنڈدادنخان میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ، پنوار میں گھر کی چھت پھاڑ کر چور سامان لے اڑے

پنڈدادنخان کے نواحی علاقے پنوار میں نامعلوم چور گھر کی چھت پھاڑ کر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے مختلف علاقوں میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی پے در پے وارداتوں نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی۔ یونین کونسل احمد آباد کے نواحی قصبہ پنوار میں نامعلوم چور رات گئے گھر کی چھت پھاڑ کر اندر داخل ہوئے اور گھر سے قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہو گئے۔

پنوار میں نامعلوم چور رات کی تاریکی میں ایک گھر کی چھت پھاڑ کر مکان کے اندر داخل ہوئے اور وہاں موجود سامان لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واردات کے بعد اہلِ خانہ اور اہلِ علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ للہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ملزمان تک پہنچنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ پنوار اور گردونواح میں اس سے قبل بھی ڈکیتی اور مویشی چوری کی وارداتیں رپورٹ ہو چکی ہیں، جس کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

شہریوں نے ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ پنوار اور ملحقہ علاقوں میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے، علاقے میں مستقل پولیس چوکی قائم کی جائے اور پولیس گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version