دبئی: متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے ٹریول بین سے متعلق نئی وضاحت جاری کردی گئی۔
اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت انصاف (ایم او جے) نے اپنی تازہ ترین ایڈوائزری میں کہا ہے کہ اب سفری پابندی ہٹانے کے لیے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ کیس حل ہونے کے بعد یہ عمل خود بخود ہو جائے گا، پہلے پابندی کی منسوخی کے لیے کلیئرنس اور کچھ معاون دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت ہوتی تھی لیکن اب ان کی مزید ضرورت نہیں ہے، ابوظہبی اور دبئی کے دونوں عدالتی حکام نے جرمانے کے زیر التواء ہونے کے بعد سفری پابندیوں کی منسوخی کو خودکار کر دیا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ سفری پابندی کو ہٹانے کے لیے ضروری طریقہ کار کو عمل کو نو سے کم کرکے صفر کر دیا گیا ہے، ایم او جے فوری طور پر سفری پابندی ہٹانے کے حکم پر کارروائی کرے گا، جس میں پروسیسنگ کا وقت ایک کام کے دن سے کم کرکے صرف چند منٹ کر دیا گیا ہے، یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے زیرو گورنمنٹ بیوروکریسی پروگرام کا حصہ ہے جس کا آغاز اس سال کے شروع میں کیا گیا تھا جس کا مقصد بیوروکریٹک رکاوٹوں کو دور کرکے وفاقی حکومت کی سروسز میں تیزی لانا ہے۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے رہائشی ویزہ اور ورک پرمٹ کی پروسیسنگ کا دورانیہ بھی کم کیا ہے، ورک پرمٹ اور رہائشی ویزوں کے حصول کے لیے ضروری دستاویزات پر کارروائی کا وقت ورک بنڈل پلیٹ فارم کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے بعد پورے یو اے ای میں 30 دن سے کم کرکے پانچ دن کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے متعدد سرکاری وزارتوں اور وفاقی حکام نے ایک ایسا پلیٹ فارم شروع کیا ہے جو کاروباری مالکان اور نجی کمپنیوں کے لیے نئے ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے موجودہ ملازمین کے لیے ورک پرمٹ کی قبل از وقت تجدید کو بھی آسان بنائے گا، ورک بنڈل پلیٹ فارم کے دوسرے مرحلے کے کامیاب آغاز کے بعد یہ عمل، جس میں پہلے 30 دن لگتے تھے، اب پورے متحدہ عرب امارات میں صرف پانچ دن رہ گئے ہیں۔
