عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے راہ امام حسینؑ کو اپنانا ہو گا، سید اخلاق حسین نقوی

دینہ: کائنات کے نجات دہندہ کو حسین علیہ السلام کہتے ہیں، امام حسین علیہ السلام نے دین فطرت اسلام کو اجاگر کر کے یزیدیت کو نیست و نابود کر دیا۔ بقول شاعر

جب خیر و شر میں دقت تفریق ہو گئی
بے ساختہ حسینؑ کی تخلیق ہو گئی

یہ بات سید اخلاق حسین نقوی جنرل سیکرٹری ٹی این ایف جے ضلع جہلم نے قائد ملت جعفریہ پاکستان آغا حامد علی شاہ الموسوی کے فرمان ذیشان پر سالانہ جشن ولادت مولا حسین علیہ السلام و مولا غازی عباس علیہ السلام سے خطاب کے دوران امام بارگاہ ہڈالہ سیداں دینہ میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا سچ کہ یزید تھا، حسینؑ آج بھی ہے۔ شمس و قمر کا جب تک نظام باقی ہے مولا عباس علیہ السلام قمر بنی ھاشم کی صورت میں رخشندہ و تابندہ رہیں گے۔ جہاں بھی ذکر مولا حسین علیہ السلام ہو گا وہاں وفاء عباس علیہ السلام کا پرچم لہراتا ہوا نظر آئے گا۔

سید اخلاق حسین نقدی نے کہا کہ عالم اسلام اگر نبی کریم ﷺ کی وصیت کے مطابق قرآن و عطرت سے رشتہ جوڑے رکھتے تو کبھی بھی زوال کا شکار نہ ہوتے۔ آج بھی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کیلئے راہ حسین علیہ السلام کو اپنا نا ہو گا، یہی راہ نجات اور ابدی حیات کا دروازہ ہے۔

جشن سے ذاکر اہل بیت یاسر غفار کوثر اور ذاکر اہل بیت شاہد قمر بلوچ نے قصیدہ خوانی اور منقبت کے ذریعہ اپنا ہدیہ عقیدت پیش کیا جبکہ باب الحوائج مولا عباس علیہ السلام اور مولا حسین علیہ السلام کے توسل سے عالم اسلام کی سر بلندی، فلسطین اور کشمیر کے مظلومین کی آزادی اور استحکام پاکستان کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

Exit mobile version