یمن میں حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک برطانوی مال بردار جہاز پر حملے کرکے تباہ کردیا جبکہ ایک امریکی ڈرون کو بھی مار گرایا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق واضح رہے کہ حوثی گروپ غزہ میں اسرائیل کی جاری جنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
حوثیوں کی جانب سے حملے کا دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی فوج نے بحیرۂ احمر میں یمن کے حوثی باغیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں سے زمینی اور سمندری راستوں پر حملوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنے دفاع میں 5 مقامات پر کامیاب نشانے داغے تھے۔
امریکا اور حوثیوں کے درمیان مسلسل جوابی کارروائی کی وجہ سے تنازع میں اضافہ ہوگیا ہے۔
حوثی فوجی ترجمان یحیٰی ساری نے آج (19 فروری) کو اپنے بیان میں کہا کہ برطانیہ کے روبیمار کارگو جہاز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاز کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے اس کے ڈوبنے کا خطرہ ہے، تاہم آپریشن کے دوران ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ جہاز کے عملے کو بحفاظت نکال لیا جائے۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی فرم Ambrey نے جہاز پر حملے کی تصدیق کی ہے کہ روبیمار ایک کارگو جہاز ہے جو برطانیہ میں رجسٹرڈ ہے اور اسے لبنانی کمپنی چلاتی ہے۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے حالانکہ انہوں نے جہاز کا نام ظاہر نہیں کیا، انہوں نے بتایا کہ یہ حملہ یمن میں المخا سے تقریباً 35 ناٹیکل میل (تقریباً 65 کلومیٹر) جنوب میں ہوا ہے۔
