جہلم: محرم الحرام میں امن عامہ کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے 16 شعلہ بیان علما ء/ ذاکرین کے ضلع جہلم میں داخلے پر پاپندی عائد کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ جہلم نے ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 16 شعلہ بیان علما ء/ ذاکرین کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
جن علماء و ذاکرین پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں مولانا عبدالحسن صابری (فیصل آباد)، ذاکر آصف رضا (فیصل آباد)، ذاکر محسن عباس (منڈی بہاؤالدین)، محسن جتوئی (مظفر گڑھ)، عمران احمد (لاہور)، مولانا عبدالاحق بشیر (گجرات)، مولانا اکبر ساقی (تلہ گنگ)، مولانا مسعود الرحمن عثمانی (راولپنڈی)، مولانا کلیم اللہ (خوشاب)، شبیر احمد عثمانی (راولپنڈی)، مولوی عبد الخالق (راولپنڈی)، واجد فاروقی (اٹک)، قاری چن محمد (اٹک)، مولانا منیر فاروقی (گجرات)، عمر جاوید قاسمی (شیخو پورہ) اور پیر عرفان شاہ (بھکی شریف) شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے لیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس حکم کی سختی سے پابندی کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کریں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر انتظامیہ کو دیں تاکہ بر وقت کارروائی کی جاسکے۔
ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا کہ عوام امن و امان کی بحالی کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ مذہبی تقریبات اور اجتماعات میں امن اور رواداری کو فروغ دیں۔ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔
