جہلم میں سبزی، فروٹ، مچھلی ودیگر اشیاء سمیت لنڈا بازار تجاوزات کا باعث بننے لگے

جہلم شہر کے مختلف مقامات پر سبزی ، فروٹ ، مچھلی ودیگر اشیاء سمیت لنڈا بازار تجاوزات کا باعث بننے لگے۔ تجاوزات کے خلاف میونسپل کمیٹی کی کارروائیاں محض کاغذی اور فوٹو سیشن تک محدود، بااثر رکشہ ڈرائیوروں نے شہر کی سڑکوں کو اپنے نرغے میں لے لیا، ڈی ایس پی ٹریفک کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق ہر گزرتے دن کے ساتھ شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار ہورہی ہے جس کی بڑی وجہ تجازوات مافیا کا سرکاری اداروں کے ذمہ داران کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے ،جبکہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کی کارروائیاں صرف ریڑھی بانوں تک محدود ہیں جو کہ صرف خانہ پری اور فوٹو سیشن کرکے پوری کر دی جاتی ہیں۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیا دپر سڑکوں کے دونوں اطراف اور چوک چوراہوں میں لگائی جانے والی ریڑھیاں، لوڈر رکشوں اور پھٹہ مالکان کے خلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے محض چند ایک ریڑھیاں اٹھالی جاتی ہیں جن کے اوپر لگایا گیا مال دکانداروں کو اسی وقت واپس کر دیا جاتا ہے اور وہ ریڑھیاں اٹھا کر میونسپل کمیٹی کے دفتر لے جاتے ہیں اس طرح انسدادِ تجاوزات کا عملہ ایم سی کے وٹس ایپ گروپ میں تصاویر شیئر کرکے بری الذمہ ہو جاتا ہے۔

گزشتہ روز قبضے میں لی گئی ریڑھیاں انسدادِ تجاوزات کے عملے نے اپنی عدالت لگا کر واپس کردیں ۔ جس کے باعث وہی ریڑھی بان اگلے روز دوبارہ اپنے مقررہ مقامات پر ریڑھیاں لگا لیتے ہیں اور دوبارہ پھر سے تجاوزات اور لوٹ مار شروع کر دی جاتی ہے۔جس کی اصل وجہ میونسپل کمیٹی اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تجاوزات مافیا کا مبینہ گٹھ جوڑ ہے جس کے باعث تجاوزات ختم ہونے کی بجائے روز بروز تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔

شہریوں نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں گرینڈ آپریشن کرنے اور روزانہ کی بنیاد پر تصاویری رپورٹ ارسال کرنے کا مطالبہ کیاہے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

Exit mobile version