جہلم: محکمہ فشریز کا سینئر کلرک 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری دفاتر میں رشوت ستانی اور بدعنوانی کے خلاف اینٹی کرپشن کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تھانہ اینٹی کرپشن جہلم کی ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن اور سرکل آفیسر اعجاز شاہ کی قیادت میں سینئر سول جج جہلم قمر عباس کی نگرانی میں محکمہ فشریز کے سینئر کلرک راشد کو 50 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
محکمہ فشریز کے سینئر کلرک راشد نے ایک شہری کو شکار کا لائسنس جاری کرنے کے عوض 50 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔ اینٹی کرپشن حکام نے اطلاع ملنے پر کارروائی کی اور ملزم کو رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم سے رشوت کی نشان زدہ رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
اینٹی کرپشن کی اس کارروائی نے سرکاری عہدوں کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرنے والوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ عوامی خدمت کے منصب پر فائز ہو کر رشوت طلب کرنا یا وصول کرنا قانون کی گرفت سے بچنے کی ضمانت نہیں۔ سرکاری عہدے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہوتے ہیں، نہ کہ ذاتی مفادات کے حصول کے لیے۔
عوامی حلقوں کے مطابق سرکاری ملازمین کو اپنے فرائض دیانت داری اور امانت سمجھ کر ادا کرنے چاہئیں، کیونکہ رشوت محض ایک مالی بدعنوانی نہیں بلکہ غریب اور مجبور شہریوں کے حقوق پر ڈاکا ہے۔ سرکاری اداروں میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہنی چاہئیں۔
