دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ ساجدہ رزاق کے ہمراہ تحصیل دینہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آر ایچ سی دینہ میں عوام کو فراہم کی جانے والی بنیادی طبی سہولیات جبکہ ستھرا پنجاب ایجنسی کنٹرول روم میں صفائی آپریشن اور مانیٹرنگ کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ کے دورے کے دوران آر ایچ سی میں دستیاب طبی سہولیات، انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بنیادی سطح پر شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ کلینک آنے والے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
میر رضا اوزگن نے کہا کہ بنیادی سطح پر صحت کی بہتر سہولیات کی دستیابی شہریوں کو مؤثر طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے اہم ہے، اس لیے سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے صحت کی خدمات کا معیار برقرار رکھنے اور مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جہلم نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ ساجدہ رزاق کے ہمراہ ستھرا پنجاب ایجنسی کنٹرول روم دینہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی کی صورتحال، فیلڈ سرگرمیوں کی نگرانی اور کنٹرول روم کے ذریعے جاری مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا۔
کنٹرول روم کے عملے نے ڈپٹی کمشنر کو صفائی آپریشن، فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی اور شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر کارروائی کے طریقہ کار کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ صفائی سے متعلق شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے اور فیلڈ ٹیموں کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھتے ہوئے صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
میر رضا اوزگن نے ستھرا پنجاب کے تحت شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلسل اور مؤثر مانیٹرنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کنٹرول روم کے ذریعے صفائی آپریشن، فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی اور عوامی شکایات کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر صفائی کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
