جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے متوقع دورہ جہلم کے انتظامات، تیاریوں اور سیکیورٹی امور کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے جہلم پریس کلب کے صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز کی قیادت میں عہدیداران اور سینئر صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ کے متوقع دورے کے انتظامی امور، سیکیورٹی اقدامات اور مختلف محکموں کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے وفد کو آگاہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے متوقع دورۂ جہلم کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران ضلع جہلم میں عوامی فلاح و بہبود، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی مؤثر اور ذمہ دارانہ کوریج میں ذرائع ابلاغ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے متوقع دورے کے دوران میڈیا کوریج اور دیگر متعلقہ امور کے سلسلے میں صحافی برادری سے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔
اس موقع پر صدر جہلم پریس کلب ڈاکٹر سہیل امتیاز نے صحافی برادری کی جانب سے وزیراعلیٰ کے متوقع دورے کی کوریج اور انتظامی امور کی کامیابی کے لیے ضلعی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
