طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے گورنمنٹ ایم سی پرائمری سکول مشین محلہ نمبر 3 اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نمبر 2 جہلم کا دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے دونوں سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز، طلبہ و طالبات کی حاضری، دستیاب سہولیات اور مجموعی تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سکول انتظامیہ سے تدریسی و انتظامی امور اور اداروں کو درپیش ضروریات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔

میر رضا اوزگن نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ محفوظ، صاف ستھرا اور سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ بھرپور توجہ اور اعتماد کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کی ضروریات اور انتظامی معاملات پر خصوصی توجہ دی جائے اور دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کے لیے مزید بہتر تعلیمی ماحول یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بہتر تعلیمی ماحول اور مؤثر انتظامات طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کے روشن مستقبل کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

Exit mobile version