جہلم: نئی تعمیر ہونے والی ٹاہلیانوالہ سڑک کے دونوں اطراف تجاوزات کی بھرمار، شہریوں کے پیدل چلنے کے لئے تیار کی جانے والی سولنگ فٹ پاتھ پر بھی دکانداروں اور ریڑھی بانوں نے قبضے جما لئے ،شہریوں کو پیدل چلنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئی تعمیر ہونے والی جہلم تا ٹاہلیانوالہ سڑک پر بھی تجاوزات کی بھرمار ہوچکی ہے ، شہریوں کی بدنصیبی یہ کہ پیدل چلنے کے لئے تیار کی جانے والی سولنگ فٹ پاتھ پر بھی بااثر دکانداروں ،ریڑھی بانوں، مرغی فروشوں، فرنیچرز مالکان ، ہوٹلز مالکان، حتیٰ کہ فاسٹ فوڈ کی دکانیں بھی قائم ہو چکی ہیں جس کیوجہ سے شہریوں کو سڑک کے دونوں اطراف پیدل چلنا محال ہو کر رہ گیاہے۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سڑک کے دونوں اطراف دکانداروں ، ریڑھی بانوں نے قبضے جما کر کارروبار شروع کررکھا ہے ، جس کے باعث ،خواتین، بچوں اور بزرگوں کو پیدل چلنے میں مشکلات درپیش آرہی ہیں جبکہ ضلع کونسل کا شعبہ انسداد تجاوزات اس حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔
شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ دکانداروں جن میں فرنیچرز، مرغی فروش، ہوٹلزمالکان عارضی ٹھیئے لگانے والوں نے سڑکوں کے اطراف تجاوزات قائم کررکھی ہیں جبکہ پرائیویٹ سکولز مالکان ، نجی ہسپتالوں ، کارروباری مراکز کے مالکان و ملازمین نے اپنی موٹر سائیکلیں ، گاڑیاں سڑک کے دونوں اطراف پارک کررکھی ہوتی ہیں ۔ جس کے باعث صبح شام اور رات کے اوقات میں گاڑیوں کی طویل اور لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں،اکثر اوقات پیچھے سے آنے والی ٹریفک شہریوں کو زخمی بھی کر دیتی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر ضلع کونسل سے تجاوزات کے خلا ف نوٹس لینے اور تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیاہے۔