سوہاوہ: تحصیل سپورٹس کمیٹی کے زیرِ اہتمام اور اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کی زیرِ نگرانی سوہاوہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کے لیے سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔
سپورٹس فیسٹیول میں تحصیل بھر کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی 320 طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ گیارہ مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے جن کا مقصد خواتین میں صحت مندانہ سرگرمیوں کا فروغ، خود اعتمادی میں اضافہ اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرنا تھا۔
فیسٹیول میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سوہاوہ، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول ڈومیلی، القادر یونیورسٹی، جینٹری کالج، سپیئرز کالج، دارارقم کالج، اسپائر کالج اور ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین سوہاوہ کی طالبات نے حصہ لیا۔ مقابلوں میں جینٹری کالج سوہاوہ اور سپیئرز کالج سوہاوہ نے چار چار کھیلوں میں کامیابی حاصل کر کے نمایاں پوزیشن حاصل کی۔
خواتین سپورٹس میلے کے انعقاد کا سہرا اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر کے سر جاتا ہے، جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خواتین کو ہر شعبے میں آگے لانے کے وژن کے تحت اس تاریخی ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا۔ اس موقع پر تحصیل سپورٹس آفیسر اسد ملک اور چیف آفیسر ایم سی سوہاوہ اختر اسلام نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
سیکیورٹی کے لیے ڈی ایس پی سوہاوہ اکرام اللہ نیازی کی سربراہی میں پنجاب پولیس نے بہترین انتظامات کیے جبکہ ریسکیو 1122 اور ستھرا پنجاب ٹیم نے بھی اپنے فرائض بخوبی انجام دیے۔ اختر ویلفیئر ٹرسٹ اور سماجی شخصیت فیاض ذکی نے بھی تعاون فراہم کیا۔
تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صفی نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ سابق ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری راجہ اویس خالد، پروفیسر جمیل احمد کیانی، ڈی ایس پی اکرام اللہ نیازی اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد طارق نے شرکت کر کے طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔
طالبات نے اس ایونٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے پروگرام باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں۔ شہریوں نے کامیاب انعقاد پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ اور سپورٹس کمیٹی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
